اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر کمال خرازی نے دمشق میں شام کے مفتی اعظم شیخ احمد بدرالدین حسون کے ساتھ ملاقات میں تمام مسلمانوں خاص طور سے شام میں مسلمانوں میں اتحاد کے لئے ان کے موثر کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مختلف اسلامی مذاہب میں قربت موثر اور خاص اہمیت کی حامل ہے۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ شام میں علما اور عوام کے درمیان اتحاد کا عمل جاری رہے گا۔
اس ملاقات میں شام کے مفتی اعظم شیخ احمد بدرالدین حسون نے بھی بحران شام کے حل میں مدد سے متعلق ایران کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ شام نے بحران جنگ کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ عبور کر لیا اور دمشق نے ہمیشہ علاقے میں قیام امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر کمال خرازی نے دمشق میں شام کی بعث پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ہلال الہلال سے بھی ہونے والی ملاقات میں کہا کہ شام کے خلاف فوجی میدان میں دشمنوں کی ناکامی، سازشوں کے خاتمے کا باعث نہیں ہے اور یہ کہ مغرب ایک اور فتنے کی تلاش میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ شام کو فوجی میدان میں امریکہ، ترکی اور دہشت گردوں کی جانب سے پیدا کی جانے والی مشکلات کا سامنا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ یہ مسائل و مشکلات جلد ہی حل ہو جائیں گی۔
ڈاکٹر کمال خرازی نے شام کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں تمام شامی گروہوں کی ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کے مقابلے میں شام، اسلامی جمہوریہ ایران اور حزب اللہ لبنان کا اتحاد حق کا دفاع ہے اور انتہا پسندوں اور تکفیریوں کی سرکوبی کی کوشش بدستور جاری رہے گی۔
اس ملاقات میں شام کی بعث پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ہلال الہلال نے بھی ایران اور حزب اللہ لبنان کے اتحاد سے شام کے دشمنوں کی تشویش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت اور بعث پارٹی، ایران کے ساتھ دوستی اور مزاحمت کے محور پر زور دیتی رہی ہے اور اسی بنا پر امید کی جاتی ہے کہ تعمیرنو کے دور میں، یہ رابطہ اور زیادہ مضبوط و مستحکم ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲